منہ دکھائی
منہ دکھائی
اُس نے بہت پیار سے اپنی دلہن کا گھونگھٹ اُٹھایا، اور لبوں پہ سجے خوشگوار تبسم کے ساتھ خوشبوؤں میں رچی اپنی حور کو دیکھا۔ بے اختیار اُس کے لبوں پر ما شاء اللّٰہ کا وِرد جاری ہوا تو یاد آیا کہ ابھی ایک اور رِیت بھی نبھانی ہے۔ سو اپنی شیروانی کی جیب سے چھوٹی سی مخملی ڈبیہ نکال لی، اور اُسے کھول کر اپنی دلہن کے سامنے کر دیا۔
میں اِس بے پناہ حسن کی ستائش کے قابل کچھ نہیں رکھتا ہوں لیکن یہ تحفہ کہ اِک رِیت بھی ہے، اور اِس کی قدر بھی بڑھ جائے گی اگر آپ قبول کر لیں تو۔
اور اُس نے دیکھا کہ اُس ماہ رُو کے پنکھڑیوں سے ہونٹ وا ہوئے اور ایک معصوم تبسم رُونما ہوا اور اس نے اُس پُر نور چہرے کا احاطہ کر لیا۔ اور اِک ادا سے اُس نے اپنا ہاتھ آگے کر دیا۔ گویا شرفِ قبولیت بخش دیا ہو۔
اُس نے بڑے ارمان سے وہ سنگِ مرمر سا تراشا ہاتھ اپنے ہاتھ میں لے کر وہ انگوٹھی اُس کی مخروطی انگلی میں پہنا دی۔
ایک نظر اُس ہاتھ اور انگلی میں پہنائی ہوئی انگوٹھی کو دیکھا اور پھر اُس کے ہاتھ کو چُوم لیا۔
اور ایک خوشگوار سنسی دونوں نے اپنے اندر تک محسوس کی۔
بڑی مشکل سے اُس نے الفاظ جوڑے اور مخاطب ہوا۔ "مجھے یہی رِیت بتائی گئی ہے کہ شادی کی پہلی رات دولہا اپنی دلہن کو منہ دکھائی کا تحفہ ہے۔ سب یہی رِیت نبھاتے چلے آ رہے ہیں، کیا دولہے کو کوئی تحفہ نہیں ملتا منہ دکھائی کا؟ کیا ایسی کوئی رِیت نہیں ہے آپ کے علم میں؟"
وہ لب وا ہوئے اور اُس نے پھول کا کھلنا محسوس کیا۔ وہ مدہم گنگناتی آواز میں گویا ہوئی۔ "منہ دکھائی کا تحفہ تو دولہے کو بھی ملتا ہے، اور وہ بہت ہی قیمتی تحفہ ہوتا ہے۔ میں آپ کی منہ دکھائی پر اپنا آپ، اپنا وجود، اپنی مرضی، اپنی خوشی، اپنی عزت، اپنا سب کچھ آپ کے نام کر رہی ہوں، اور یہی میری طرف سے تحفہ ہے آپ کو۔
وہ بول رہی تھی اور ایک سرشاری سی اُس کے سارے وجود کا حصہ بن رہی تھی۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں