اُداسی سے اُکتاہٹ تک
کبھی کبھی عجیب اُکتاہٹ سی ہو جاتی ہے۔ چاہ کر بھی کچھ لکھنے کو دل نہیں کرتا۔ اگر شمار کروں تو اِس اُکتاہٹ نے میری زندگی کے بے شمار لمحے قتل کئے ہیں۔ دعویٰ دائر کر دوں تو پہلی پیشی پر سزائے موت ہو جائے اِسے۔ خیر۔ کبھی وہ بھی وقت تھا جب اِس اُکتاہٹ کا نام اُداسی ہوا کرتا تھا۔ اور اِس اُداسی پر بھی شاعری ہوتی تھی۔ کبھی خود لکھی جاتی تھی، تو کبھی انتخاب کر لی جاتی تھی۔ لیکن مزاج کا یہ موسم منایا بھرپور جاتا تھا۔ مجھے یاد ہے، میرے اُداسی کے اعلان پر یار دوست مُسکرا دیا کرتے تھے۔ ایک سے بڑھ کر ایک لطیفہ دھرتے تھے ماحول خوشگوار کرنے کو۔ اور میری حالت بد مست مئے نوش کی سی ہوتی جو گھومتے دماغ کے ساتھ مئے خانے کے دھواں دھواں ماحول میں سب سے زیادہ سمجھدار اور پُروقار نظر آنے کی کوشش کر رہا ہو۔ اُداسی کا موسم سب سے زیادہ گراں اُس صورت میں ہوتا تھا، جب میرا سر درد پکڑ لیتا تھا۔ شاعری کو تو نئی جہت ملتی ہی تھی، ساتھ میں اُداسی کا سُرور بھی روح کی گہرائیوں تک اُترتا محسوس ہوتا تھا۔ پھر دور بدلا، اور اُداسی کی جگہ اُکتاہٹ نے لے لی۔ یہ اُکتاہٹ ایسی ہے کہ اِس میں بے دلی ہے، بے ...