محرومی
کیا لکھوں؟
کہاں سے شروع کروں۔۔؟
لفظ بھی تو منہ موڑے بیٹھے ہیں۔۔
اور میں تو جیسے کسی معصوم سے بچے کی طرح سہم کر اپنے آپ میں سمٹ گیا ہوں۔۔
حالات، جذبات اور احساسات۔۔۔ زندگی پر کس حد تک اور کیسے اثر انداز ہوتے ہیں۔ اِس بات کی حقیقت کا مشاہدہ کیا ہے میں نے۔۔ گو کہ یہ مشاہدہ پہلی بار نہیں ہوا ہے مجھے۔۔ لیکن اپنی نوعیت اور اہمیت کے اعتبار سے یہ منفرد رہا ہے۔
اب تو ہر آن ہی ڈَھ جانے کا خوف ہے، ہِراس ہے کہ کہیں کچھ اور بھی نہ کھو دوں۔ یا کہیں خود سے ہی دستبردار نہ ہونا پڑ جائے۔۔
میرے نزدیک ناممکن کچھ بھی نہیں۔۔ سب کچھ ممکنات میں سے ہے۔ لیکن اب زندگی کے اِس مقام پر لگتا ہے کہ شاید جو نقصان اُٹھا چکا ہوں میں۔۔ اُس کی بھرائی ناممکن ہے۔
وقت کی بڑی اہمیت ہے، ہر ہر لمحہ قیمتی ہے۔ اور اسی لیے سب لوگ وقت کے ساتھ بھاگ دوڑ میں مصروف ہیں۔۔ کہ کہیں وقت آگے نہ نکل جائے اُن سے۔ لیکن میں چاہ رہا ہوں کہ کسی طرح یہ وقت نکل جائے۔ میں آنکھیں مُوند لوں۔۔ اور یہ بُرا سپنا میرے خیال و خواب سے نکل جائے۔۔
انسان کیا کیا سوچتا ہے،کیا کیا پلان کرتا ہے، خوش گمانی کا بھی اگر کوئی سکیل ہوتا تو انسانوں میں بڑی ٹکر کا مقابلہ ہوتا۔ ہر انسان دوسرے سے سبقت لے جانے والا ہوتا۔۔ لیکن صرف تب تک۔۔ جب تک کہ یہ خوش گمانی راس آتی رہے۔۔
انسان نا۔۔ کبھی کبھار بہت کمینہ، لالچی اور کم ظرف ہو جاتا ہے۔ کہ جب اُس کو خوشیوں کے ایک بڑے ڈھیر کے پاس سے گزارا جاتا ہے اور کہا جاتا ہے اِس میں سے اپنی ہمت اور ظرف کے مطابق خوشیاں اُٹھا لو۔۔ اور انسان اُس میں سے مقدور بھر خوشیاں اٹھا بھی لیتا ہے، جتنی وہ اُٹھانے کی طاقت رکھتا ہے۔۔ لیکن اُس کا جی نہیں بھرتا۔ اور وہ پہلے اپنے پاس موجود خوشیوں کو اور پھر خوشیوں کے ڈھیر کو دیکھتا ہے، اور اُس کے دل میں لالچ آ جاتا ہے۔۔ کہ میرے پاس بس اتنا سا کیوں۔۔ یہ سب کیوں نہیں؟؟ اور پھر بنا مانگے اور بنا کوشش کے ملی خوشیوں پر بجائے شکر اور طمانیت کے انسان کا دل افسوس اور دکھ سے بھر جاتا ہے۔۔ کہ وہ محروم ہے خوشیوں کے اتنے بڑے ڈھیر سے۔ اور یہ محرومی کا دکھ اُس کی زندگی کی خوشیوں کا احاطہ کر لیتا ہے۔ 🥀
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں