میرا کچھ تو رشتہ ہے تُجھ سے
آج پھر دل میں اِک کسک جاگی۔ تیری دید کی خواہش نے سر اُبھارا، اور میں نکل پڑا تُجھے ایک نظر دیکھنے کی حسرت کا مارا۔
تیرے گھر کے سامنے وہی بڑے برگد کے درخت کے موٹے تنے کے پیچھے چھپ کر تیرا ٹیرس میں آنے کا انتظار۔ کہ کب تم ٹیرس میں آؤ اور مجھے تمہاری ایک جھلک نصیب ہو۔
انتظار۔۔۔ کٹھن انتظار۔
کبھی کبھی یہ انتظار کتنا جان لیوا ہوتا ہے نا۔۔؟؟
اور پھر شاید میری حالت پہ آسمان نے کُڑھنا شروع کر دیا۔ سورج نے غم سے آنکھیں مُوند لیں۔ اور بادل جانے کہاں سے میرا دُکھ بٹانے آ گئے، اور دل کھول کر رونے لگے۔
بارش کے قطرے برگد کے پتوں سے پھسلتے ہوئے میرے سر پر ٹپکنے لگے۔میں نے بادل کو دیکھنے کے لیے منہ اوپر کیا تو بارش کے قطروں نے جیسے میرے چہرے کو، میری آنکھوں کو اور میرے لبوں کو چُوم لیا ہو۔
جانے ساون کو میری بے بسی پر رونا آیا تھا یا میری آرزوؤں کا بھرم مقصود تھا۔ کہ اُسی وقت تُم نے بھی بارش کے قطروں کو اپنی ہتھیلی پر روکنے کے لیے پہلے اپنی ہتھیلی کو باہر نکالا اور پھر خود ٹیرس پر آ گئیں۔ بارش کے قطروں نے تمہارے چہرے کو، آنکھوں کو اور لبوں کو چُوم لیا۔ اور بارش کے قطرے تمہارے بالوں سے کھیلنے لگے۔
میرا وقت تو جیسے تھم سا گیا میں جہاں تھا وہیں کھڑا رہ گیا۔ اِدھر میں بارش میں بھیگنے لگا اُدھر تم بارش میں بھیگنے لگی۔
اور پھر۔۔۔ پھر مجھے ہوش آ گیا۔ یوں لگا کہ جیسے تم میرے لیے باہر نہیں آئی ہو۔ تم تو ساون برسنے پر باہر آئی ہو۔ گویا ساون بھی میرا رقیب ٹھہرا۔ میں سوچنے لگا، کیا واقعی یہ ساون برسا تھا یا میرا نیا رقیب آیا تھا۔ میں نے دُکھ سے منہ پھیر لیا۔ "جاؤ مجھے تم سے کچھ نہیں کہنا، کچھ نہیں لینا تم سے، نہیں تڑپتا ہوں میں تمہارے لیے۔ میرا تم سے کوئی واسطہ نہیں، کوئی تعلق نہیں۔ مجھے تم سے محبت بھی نہیں ہے۔"
اور پھر ساون کے ساتھ ساتھ میری آنکھیں بھی برسنے لگیں۔کون جان سکتا تھا کہ میں بارش میں بھیگ رہا تھا یا بارش مجھ میں بھیگ رہی تھی۔ میں نے آخری بار تمہیں پلٹ کر دیکھا اور ہولے سے مُسکرا دیا۔
- میرا تُم سے کوئی تعلق، کوئی واسطہ، کوئی رشتہ نہ سہی۔ لیکن مجھے یقین ہے کہ بارش کے جن قطروں نے تمہیں چُوما ہے وہ اُسی بادل سے تھے جس کے قطروں نے مجھے چُوما تھا۔ چلو! تم سے ایک رشتہ تو ہمارا بھی ٹھہرا۔۔ اِس بادل کا، اِس بارش کا رشتہ۔۔ ہے نا۔۔
از علی احمد صاحب
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں